مسلم سماج کا ایک رِستہ ناسور ۔ جوڑا جہیز

ہندوستان کا مسلم سماج جن امراض کا شکار ہے ان میں سب سے نمایاں اور شدید مرض غیر اسلامی رسوم و رواج کا غلبہ ہے ۔ یہ رسوم و رواج اس حد تک مسلم سماج میں نفوذ پا چکے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی زندگی کا لازم حصہ بن گئے ہیں ۔ ان رسوم و رواج نے جہاں اسلام کی سادگی اور ضروری امور میں ممکنہ آسانی کو ختم کردیا ہے وہیں اسراف و فضول خرچی کا راستہ دکھا کر کئی خاندانوں کو سودی قرض کی لعنت میں مبتلا کردیا ہے ۔ ان رسوم و رواج میں زیادہ شدید وہ ہیں جو ایک مسلم مرد اور ایک مسلم عورت کے درمیان نکاح کے رشتہ سے وابستہ ہوگئے ہیں ۔ لڑکی والوں سے رقم کا مطالبہ ، اس پر اصرار اور اس کو نکاح کا لازمی جز سمجھنا ، یہ تمام غیر اسلامی باتیں اس طرح رواج پا چکی ہیں کہ ہر خاندان ، لڑکی اور لڑکی والوں کی دینی حالت و کیفیت ، ان کے اخلاق و اطوار ان کے طور طریق وغیرہ کو نظر انداز کر کے ، اپنے لڑکے کا رشتہ اس لڑکی سے کرنے کے لیے کوشاں رہنا ہے جس کے خاندان والے زیادہ سے زیادہ رقم دے سکیں ۔ یہ دکن کے علاقہ میں گھوڑے جوڑے اور شمال میں تلک وغیرہ کے نام سے موسوم ہے اور اگر علیم خان فلکی صاحب نے اس کو نیلام یا آکشن سے تعبیر کر کے اس کو مرد کا بِکنا قرار دیا ہے تو یہ کوئی مبالغہ نہیں ہے کیوں کہ شاذ و نادر ہی ایسا ہوتا ہے کہ لڑکی والوں سے پیسہ لیے بغیر رشتہ نکاح پاتا ہو ۔

نکاح ، مرد و عورت کے فطری جنسی جذبات کی تسکین کا جائز طریقہ ہی نہیں بلکہ عبادت بھی ہے۔ اگر اسلام کے مزاج کو دیکھا جائے تو یہ محسوس ہوگا کہ یہ دین نہیں چاہتا کہ کوئی عورت بے شوہر اور کوئی مرد بے بیوی رہے ۔ اس لیے بیواؤں کی شادی کی ہمت افزائی کی گئی ۔ اسلام نے اپنے اسی مزاج کی برقراری کے لیے نکاح کو بہت آسان اور سادہ بنایا ۔نہ خرچ و اسراف نہ پیچیدہ رسومات ۔ لیکن مسلمانوں نے جس کو اسلام نے آسان بنایا تھا غیر اسلامی رسوم اور خرافات کے ذریعہ اس کو مشکل بنادیا ہے ۔ نتیجہ یہ ہے کہ آج مسلمانوں میں دورِ جاہلیت کے عربوں جیسا طرزِ فکر آگیا ہے ۔ دور جاہلیت میں عرب لڑکی کی پیدائش پر تشویش میں مبتلا اس لیے ہوتے تھے کہ کسی کو اپنا داماد بنانا معیوب جانتے ہیں اور اتنا معیوب سمجھتے تھے کہ بعض اپنی ننھی پیاری بیٹی کو زندہ دفن کردینے کی غیر انسانی حرکت سے تک چوکتے نہ تھے اور آج لڑکی کی پیدائش ، ماں اور باپ دونوں کے لیے فکر اور تشویش کی بات اس لیے بن جاتی ہے کہ جب یہ بڑی ہوگی ، جوان ہوگی تو اس کی شادی کے لیے کیسے گھوڑے جوڑے کی رقم کا اور لڑکے والوں کے مطالبہ کو پورا کرنے کا انتظام ہوگا ۔ کہاں سے جہیز کی سبیل ہوگی ۔ گھوڑے جوڑے اور جہیز کی اس لعنت کا نتیجہ ہے کہ لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد اپنی جوانی کی عمر سے ان بیاہی آگے نکل رہی ہے کیوں کہ ان کے والدین یا سرپرست نہ گھوڑے جوڑے کی رقم فراہم کرسکتے ہیں اور نہ جہیز میں وہ سب دے سکتے ہیں جن کا مطالبہ کیا جاتا ہے ۔ یہ صورت حال بڑی تشویشناک ہے اس سے کئی سماجی برائیاں جنم لے سکتی ہیں اور جنسی بے راہ روی کو سماج میں راہ مل سکتی ہے یہ خطرناک صورتحال محض گھوڑے جوڑے اور جہیز کے مطالبات کے نتیجہ میں پیدا ہوئی ہے ۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور ملک کی تقریبا سبھی مسلم جماعتیں تنظیمیں ، علماء و مشائخین معاشرہ کی اصلاح کی فکر کررہے ہیں ، اصلاح معاشرہ کی کوششوں میں سب سے پہلے نکاح کی مشکلوں کو دور کرنے پر توجہ دینا ضروری ہے اور اس کے لیے گھوڑے جوڑے اور جہیز کے خلاف ذہن بنانا ضروری ہے ۔ جناب علیم خاں فلکی کی زیر نظر تحریر اس سلسلہ کی ایک کوشش ہے ۔ اس طرح کی کوششوں کی سخت ضرورت ہے ۔ جناب علیم خاں فلکی تحسین اور شکریے کہ مستحق ہیں کہ انہوں نے مسلم سماج کے ایک رستے ہوئے ناسور کی طرف توجہ دلائی اور مسلمانوں کے ضمیر کو جنجھوڑنے کی کوشش کی ہے ۔ یہ کوششیں ہوں اور تیز تر ہوں تاکہ مسلمانوں میں ایک ایسی ذہنی تبدیلی آئے کہ وہ ہر غیر اسلامی رسم و رواج کو اپنے معاشرہ سے اکھاڑ پھنکنے پر کمربستہ ہوجائیں تو مسلم معاشرہ واقعی اسلامی معاشرہ بن جائے گا ۔
اللہ تعالی اس کتاب کے مؤلف کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔

حیدرآباد
محمد عبدالرحیم قریشی
صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت
اسسٹنٹ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
29/ جمادی الاول 1430 ھ 25/ مئی 2009 ء

سوشل بک مارک کیجئے : Social Book marking

ایک تبصرہ

  1. کتاب نہایت مفید اور قابل ستائش ہے اس کے لیے ہم مولف کتاب کو دل سے دعا دیتے ہیں کہ انہوں نے وقت کے تقاضا کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نہایت عمدہ طریقے سے یہ کتاب تالیف فرمائی ہے ۔ جہیز کے موضوع پر میری نگاہ سے اس سے بہتر کوئی کتاب نہیں گزری ۔ اللہ تعالی اس کتاب کے ذریعہ لوگوں کی اصلاح فرمائے آمین ۔ صفات عالم محمد زبیر تیمی ۔ ایڈیٹر ماہنامہ مصباح کویت

تبصرہ ارسال کریں